سعودی عرب میں انتظامات کی ستائش، دو قافلوں سے جملہ 744 حجاج کرام کی واپسی، ایرپورٹ پر جذباتی مناظر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کا دوسرا قافلہ مدینہ منورہ سے آج صبح شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز سے 372 حجاج کرام وطن واپس ہوئے جن کا صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے استقبال کیا۔ دو قافلوں کے ذریعہ ابھی تک جملہ 744 حجاج کرام فریضہ حج کی تکمیل کے بعد حیدرآباد واپس ہوچکے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے حجاج کرام کا فرداً فرداً استقبال کیا اور حج اکبر کی سعادت ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ حجاج کرام نے سعودی عرب میں بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور محمد سلیم کو دعائیں دیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے ارکان کمیٹی سید غلام احمد حسین ، جعفر خاں ، عرفان الحق اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ہمراہ لگیج کی منتقلی میں مدد کی۔ کسٹمس، امیگریشن اور دیگر امور کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایا گیا۔ لگیج کی منتقلی کیلئے کنویر بیلٹ کی سہولت فراہم کی گئی جس کے سبب حجاج کرام کو لگیج منتقل کرنے میں سہولت ہوئی ۔ ضعیف العمر مرد و خواتین حجاج نے محمد سلیم کو دعاؤں سے نوازا اور کہا کہ حج کے دوران تلنگانہ کی ترقی ، عوام کی خوشحالی اور چیف منسٹر کے سی آر کے لئے خصوصی دعاء کی گئی ۔ حج کمیٹی کے والینٹرس اور ارکان نے وہیل چیر پر آنے والے حجاج کرام کی مدد کی ۔ حجاج کرام کو فی کس پانچ لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا ۔ سعودی ایرلائینس کے ذریعہ زم زم پہلے ہی حیدرآباد منتقل کردیا گیا تھا۔ حجاج کرام نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔ خرابیٔ صحت کی صورت کی صورت میں میڈیکل ٹیم نے ادویات فراہم کیں۔ ایرپورٹ پر سینکڑوں کی تعداد میں دوست احباب و رشتہ دار حجاج کرام کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔ طویل قیام سے واپسی پر حجاج کا جذباتی اور والہانہ استقبال کیا گیا ۔ کئی حجاج کے استقبال کیلئے گھر والوں کی جانب سے استقبالیہ پلے کارڈس تیار کئے گئے تھے۔ حجاج کی بکثرت گلپوشی کی گئی۔ حج کمیٹی کی نمائندگی پر ایرپورٹ حکام نے استقبال کرنے والوں کے لئے موثر انتظامات کئے تھے اور پارکنگ کا بھی وسیع انتظام کیا گیا۔ حجاج کرام کا تیسرا قافلہ جمعہ کی رات دیر گئے مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے گا۔ چوتھا اور پانچواں قافلہ 2 اگست کو واپس ہوگا۔ 3 اگست سے 6 اگست تک روزانہ ایک قافلہ کی واپسی ہوگی۔ اسی دوران تیسرے قافلہ کی روانگی کیلئے مدینہ منورہ میں امیگریشن کا عمل مکمل ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے تیسرے قافلہ کے ساتھ موجود خادم الحجاج سے بات چیت کی اور ایرپورٹ پر انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ر