سری لنکا کے صوبائی گورنر کا انڈینہائی کمشنر سے ملاقات کے بعد استعفیٰ

   

کولمبو: سری لنکا کے صوبائی گورنر اے جے مزمل نے ہندوستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کے چند گھنٹے بعد استعفیٰ دیدیا اور اپوزیشن لیڈر ساجیت پریم داسا سے اپنی وفاداری کا اظہار کیا۔ ان کا استعفیٰ اور پریم داسا کی حمایت 21ستمبر کو صدارتی انتخابات سے 16دن قبل سامنے آئی ہے ۔ مزمل کو اگست 2020 میں سری لنکا کے سابق لیڈر گوتابایا راجا پاکسے نے صوبہ اووا کا گورنر مقرر کیا تھا۔
مسٹر مزمل نے صدر وکرم سنگھے کے نام اپنے استعفیٰ خط میں کہا کہ میں کچھ گورنروں سے مایوس ہوں جو گورنر کے عہدہ پر فائز ہوتے ہوئے مختلف صدارتی امیدواروں کے لیے بھرپور مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ میں اپنے استعفیٰ کے بعد صدارتی امیدوار ساجیت پریماداسا کی حمایت کرنا چاہتا ہوں۔استعفیٰ دینے سے قبل انہوں نے سری لنکا میں ہندوستانی ہائی کمشنر سنتوش جھا سے ان کی سرکاری رہائش گاہ انڈیا ہاؤس میں ملاقات کی۔ہندوستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار نے اکانومی نیکسٹ کو بتایا کہ یہ ملاقات گورنر کی درخواست پر منعقد کی گئی تھی۔یہ سیاسی بات چیت اور دو طرفہ تعلقات پر ہونے والی باقاعدہ ملاقاتوں میں سے ایک ہے ،اہلکار نے کہا، انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کا مزمل کے استعفیٰ اور پریم داسا کی حمایت کے اس کے عہد سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔