مئیراور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کی نگرانی کرنے مبصر مقرر

   

حیدرآباد۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے عہدہ پر انتخابات کی نگرانی کے لئے تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن نے سینیئر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ کو مبصر کے طور پر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے عہدہ کے لئے 11 فروری کو انتخاب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسی دن جی ایچ ایم سی کے 149کارپوریٹرس کی حلف برداری کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ کو مئیر اور ڈپٹی مئیر کے عہدہ کے لئے انتخاب کی نگرانی کے احکامات کے ساتھ ہی مئیر کے عہدہ کے خواہشمندوں کی کوششوں میں اضافہ دیکھا جا رہاہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی 150نشستوں کے لئے یکم ڈسمبر2020کو انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔