ہماری بدبختی ہے کہ ہم نے قرآن کو صرف ثواب کمانے کی کتاب سمجھ لیا ہے، حفاظ کرام کے جلسۂ دستاربندی سے مولانا کا خطاب
نئی دہلی: قرآن کریم کومسلمانوں سے اپنی روز مرہ زندگی کا حصہ بنانے کی اپیل کرتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علماء حق کے صدر مولانا اعجاز عرفی قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کی ذلت و رسوائی آپسی تفرقہ کا سبب ترک قرآن ہے ۔ یہ بات انہوں نے مدرسہ اصلاح المسلمین میں قرآن کی تکمیل پر جلسہ دستار بندی حفاظ کرام کے موقع پر کہی۔ مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو ثواب کی کتاب سمجھ لیا ہے اور اس کی حکمت دانائی سے ہم نے فائدہ اٹھانا چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم صرف احکامات کی کتاب نہیں ہے بلکہ علم اور سائنس کاخزینہ ہے ۔ اسے پڑھ کر ہی ہمارے بڑے بڑے سائنس دانوں نے دنیا کو راستہ دکھایا اور ایک سے بڑھ کر ایک چیز ایجاد کی۔ مولانا عرفی قاسمی نے کہا کہ مسلم نوجوانوں میں اب ترجمہ کے ساتھ قرآن پڑھنے کا رجحان بڑھا ہے اور وہ قرآن کے رہنمائی حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ قرآن حفظ کیا ہے اور آپ کو اسے سمجھنا بھی ہے اور اس کی اہمیت کا خیال بھی رکھنا ہے ۔ اسی کے ساتھ اس کی تعلیمات کو عام کرنا ہے ۔ مدرسہ اصلاح المسلمین کے صدر حافظ و قاری محمد رستم نے مہمانان،مقررین اور سامعین کا شکریہ ادا کتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کو حفظ کرنا بڑی سعادت کی بات ہے ۔ وہ خوش نصیب ہیں جنہیں اللہ نے یہ سعادت نصیب کی ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اب آپ کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے اور دوسروں کو سکھانے کی ذمہ داری ہے ۔ صدارت کے فرائض پروفیسر مولانا عبد القادر قاسمی نے انجام دیتے ہوئے کہا کہعلماؤں کی قد ر کریں کیونکہ علماء کی اہمیت مسلم ہے ان کی بتائی ہوئی باتوں کو دھیان توجہ سے سے سنیں اور حتی الامکان عمل کرنے کی کوشش کریں کیونکہ علماء لوگوں کی رہنمائی کو اہم ذمہ داری سمجھتے ہیں۔اور جو افرادخلوص،محبت اور عقیدت کے ساتھ مدارس سے جڑے ہوئے ہیں وہ قابل مبارکباد ہیں اور نظامت کے فرائض مولانا مفتی محمد ثاقب قمرندوی نے انجام دیے ۔اس موقع پر حافظ محمد غفران، حافظ محمد غالب اور حافظ محمد سنجر کی دستار بندی کی گئی۔پروگرام کا آغازقاری عبدالسبحان کی تلاوت قرآن سے ہوا۔نعت شریف حافظ ارشد،محمد منظر اورقاری یوسف نے پیش کئے۔ جلسے میں حضرت مولانا اشتیاقی قاسمی چتر ویدی، پورنیہ بہار مولانا شاکر صاحب قاسمی، امام و خطیب مسجد العمر،امام وخطیب حضرت مولانا مفتی سخاوت قمر حسینی، مولانا شاہ قمر الزماں الہ آبادی محمدی مسجد، شاہین باغ،مولانا غلام ربانی قاسمی بجنور یوپی، مولانا مفتی مبشر احمد قاسمی نے خطاب کیا۔