مسلمانوں کے وفد کی صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ سے نمائندگی
حیدرآباد۔3۔اگسٹ(سیاست نیوز) شمس آباد علاقہ میں شہید کی گئی مسجد خواجہ محمود کے ذمہ دارو ںاور مقامی مسلمانوں نے آج تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے دفتر حج ہاؤز پہنچ کر صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت حوالہ کی اور مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ حکومت اور محکمہ مال کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں نمائندگی کو یقینی بنائیں گے اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ فوری طور پر اسی مقام پر نماز کی ادائیگی کی اجازت دی جائے۔ انہو ںنے وفد سے تفصیلات دریافت کی اور مسجد کے لئے مختص اراضی کے سلسلہ میں دستاویزات وقف بورڈ میں جمع کروانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ مسجد سے متعلق تمام دستاویزات بورڈ میں جمع کروانے کی صورت میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عہدیدار اس مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کے متعلق ضروری اقدامات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ مال اور بلدیہ کی جانب سے کی گئی کاروائی انتہائی مذموم ہے اور اس کی کوئی تائید یا دفاع نہیں کیا جاسکتا ۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ مسجد کی شہادت سے ریاست بھر کے مسلمانوںکے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور وہ اس صورتحال سے ریاستی حکومت کے ذمہ داروں کو واقف کروائیں گے۔ شمس آباد کے وفد میں شامل ذمہ داروں نے محکمہ مال ‘ بلدیہ اور پولیس کی کاروائی کی تفصیلات اور انہدامی کاروائی کے دوران جس طرح کے حالات پیدا کئے گئے تھے اس کی تمام ویڈیوزصدرنشین کے حوالہ کی اور کہا کہ انہدامی کاروائی کرنے والوں کے خلاف فوجداری کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ مقامی مسلمانوں اور عوام کے مطالبہ کے مطابق اسی مقام پر دوبارہ نماز کی اجازت دیئے جانے کے سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں بالخصوص ضلع کلکٹر اور بلدی عہدیداروں سے نمائندگی کی جائے گی اور ان سے خواہش کی جائے گی کہ وہ مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے انہیں اسی مقام پر نماز کی ادائیگی کی اجازت دیں۔م