واشنگٹن: یورپی یونین کا کہنا ہے کہ وہ اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدی محصولات پر جوابی اقدامات کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسٹیل اور ایلومینیم کو اب امریکہ میں بنایا جانا چاہیے، غیر ملکی زمینوں پر نہیں۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے اسٹیل اور ایلومینیم کی تمام طرح کی درآمدات پر “بغیر کسی استثناء یا کسی چھوٹ کے25 فیصد اضافی محصولات کا اعلان کر دیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرتے ہوئے کہاکہ آج میں اسٹیل اور ایلومینیم پر اپنے ٹیرف کو آسان بنا رہا ہوں۔ یہ 25 فیصد ہے، بغیر کسی استثناء یا چھوٹ کے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کرتے ہوئے وہ انتخابی مہم کے دوران درآمدات پر محصولات عائد کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کر رہے ہیں اور یہ دوسرے ممالک کی طرف سے امریکی برآمدات پر عائد کردہ محصولات سے مماثلت رکھتی ہیں۔ٹرمپ نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ وہ آٹوموبائلز، فارماسیوٹیکلز اور کمپیوٹر چپس پر اضافی محصولات عائد کرنے پر بھی غور کریں گے۔درآمدات پر انحصار کرنے والے امریکی کاروباروں نے اس پر خدشات کا اظہار کیا ہے، تاہم ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے یہ منصوبے ملکی پیداوار کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی کو بھی کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ ایک بڑی بات ہے، یہ امریکہ کو دوبارہ امیر بنانے کا آغاز ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ “ہماری قوم کو اس بات کی ضرورت ہے کہ اسٹیل اور ایلومینیم امریکہ میں بنائے جائیں، غیر ملکی زمینوں پر نہیں۔”جب صدر سے یہ پوچھا گیا کہ کیا محصولات میں اضافہ صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافے کا سبب نہیں بنے گا، تو انہوں نے کہا، “بالآخر یہ سستا ہو گا۔ یہ ہماری عظیم صنعتوں کیلئے امریکہ واپس آنے کا وقت ہے۔۔۔۔ یہ بہت سی دیگر صنعتوں میں سے پہلی ہے۔