بنگلور : کرناٹک میں ہندوستانی فضائیہ کا ٹرینر ایئرکرافٹ حادثہ کا شکار ہو گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق اس ٹرینر ایئرکرافٹ میں ایک خاتون سمیت دو پائلٹ موجود تھے۔ حادثہ کا شکار طیارہ فضائیہ کا ’کرن ٹرینر ایئرکرافٹ‘ بتایا جا رہا ہے جو چامراج نگر کے مکالی گاؤں کے پاس حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اطمینان کی بات یہ رہی کہ دونوں ہی پائلٹ اس حادثہ میں بال بال بچ گئے۔ ہندوستانی فضائیہ نے حادثہ کے تعلق سے ٹوئٹر پر اطلاع دی ۔ فضائیہ نے بتایا کہ کرن ٹرینر طیارہ روٹین ٹریننگ فلائٹ کے دوران حادثہ کا شکار ہو گیا۔ حالانکہ ابھی تک یہ نہیں پتہ چل سکا ہے کہ حادثہ کی وجہ کیا رہی۔ اس سلسلے میں کورٹ آف انکوائری کا حکم صادر کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں پائلٹ کو طیارہ کے حادثہ کا شکار ہونے سے پہلے بہ حفاظت باہر نکال لیا گیا۔