کیاب ڈرائیورس کو ہڑتال ختم کرنے گورنر کا مشورہ

,

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکتوبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ کی گورنر تمیلیسائی سوندرا راجن نے کیاب ڈرائیور سے اپیل کی ہے کہ وہ عام افراد کو مشکلات سے بچانے کیلئے اپنا احتجاج ختم کردیں کیونکہ پہلے سے جاری روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی) کے ملازمین کی ہڑتال کے سبب عوام کو مشکلات درپیش ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورنر نے انہیں یادداشت پیش کرنے والے کیاب ڈرائیورس یونین کے قائدین کے ایک وفد سے یہ اپیل کی جو ان سے ملاقات کیلئے پہنچا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائندگی کو حکومت سے رجوع کردیا جائے گا۔ گورنر نے کیاب ڈرائیورس کو اپنے مسائل کے بارے میں مناسب ذرائع سے نمائندگی کرنے کیلئے کہا ہے۔ اس دوران آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال اتوار کو 16 ویں دن میں داخل ہوگئی اور کیاب ڈرائیورس کی ہڑتال کے سبب عوام کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ گورنر سوندرا راجن نے 17 اکتوبر کو حکومت تلنگانہ اور آر ٹی سی انتظامیہ پر زور دیا تھا کہ ہڑتال کے پیش نظر عوام کو دشواریوں سے بچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے متبادل انتظامات کئے جائیں۔