کری فیلڈ ( جرمنی ) : ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے یورپ کے دورہ پر چار مقابلوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں جرمنی کے خلاف 1-1 کا نتیجہ حاصل کیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے حالانکہ اس مقابلہ میں بہترین شروعات کی اور چوتھے ہی منٹ میں جرمن پریت نے گول اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو سبقت دلوائی لیکن جرمنی کیلئے مارٹن ہینر نے گول کرتے ہوئے مقابلے کو مساوی موقف میں لاکھڑا کیا ۔ ہندوستانی ٹیم جس نے افتتاحی مقابلے میں جرمنی کے خلاف 6-1 کی کامیابی حاصل کی تھی اُسی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس نے عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز میزبان ٹیم کے خلاف بہتر آغاز کیا لیکن پہلے گول کے چار منٹ چند منٹ بعد ہی میزبان کھلاڑی نے بھی گول کیا ۔ دوسرے مرالے میں بھی ہندوستانی ٹیم نے جارحانہ کھیل کے علاوہ گیند پر زیادہ قبضہ بھی رکھا لیکن وہ گذشتہ مقابلہ کی طرح گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔