یوکرین میں شاپنگ مال پر روسی میزائل حملہ، 15 ہلاک

,

   

58 افرادزخمی‘ ہلاکتوں میں اضافہ کا اندیشہ، G-7 کی طرف سے مذمت
کیف۔ یوکرین کے ایک شاپنگ مال پر روسی میزائل حملے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 58 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیاکے مطابق یوکرین کے شہرکریمینچوک کے شاپنگ مال پر روسی میزائل حملہ کیا گیا جس کے متعلق یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہیکہ حملے میں 15 افراد ہلاک اور 58 افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔یوکرینی صدر زیلینسکی کے مطابق مال میں حملے کے وقت تقریباً ایک ہزار افراد موجودتھے لیکن خوش قسمتی سے کئی لوگ باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب یوکرین کیایک اور شہر خارکیف میں بھی روسی شیلنگ کی اطلاعات ہیں۔اس حوالے سے مقامی گورنرکا کہنا ہیکہ روسی شیلنگ میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔اسی دوران جرمنی میں G-7 سربراہی اجلاس کے موقع پر یوکرین کے ایک شاپنگ سنٹر پر راکٹ حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ اس سربراہی اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ صدر پوٹن اور دیگر ذمہ داروں کو اس کے لیے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ دریں اثناء کیف حکومت نے منگل کی شام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی۔ مقامی حکام کی معلومات کے مطابق پیر کو شاپنگ سنٹر پر حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور تقریباً 60 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 40 ابھی تک لاپتہ ہیں۔ یوکرینی صدر نے اسے ایک دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ روس کی جانب سے ان الزامات کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔