آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی 40 ویں نیشنل یونانی طبّی کانفرنس 25 دسمبر کو ناگپور میں

   

ناگپور: آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس مہاراشٹر کے زیراہتمام 40 ویں نیشنل یونانی طبّی کانفرنس کا انعقاد 25 دسمبر کو ناگپور میں پروفیسر مشتاق احمد کی صدارت میں ہوگا۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں بھی شرکت کریں گے۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس مہاراشٹر کی ایک میٹنگ میں مذکورہ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر ایس ایم حسین، ڈاکٹر ایس ایم یعقوب، ڈاکٹر ندیم عثمانی، ڈاکٹر محمد اویس حسن، ڈاکٹر عبدالعزیز سولنکی اور ڈاکٹر کاشف وغیرہ نے حصہ لیا۔ ڈاکٹر ایس ایم حسین نے بتایا کہ ہمارے وفد نے گزشتہ دنوں مرکزی وزیر آیوش سربانند سونوال ، مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری اور این سی آئی ایس ایم کے چیئرمین ڈاکٹر جینت دیوپجاری صاحب سے ملاقات کرکے دعوت نامہ پیش کیا تھا۔ ملاقات کے دوران بھی مثبت پیش رفت رہی اور کانفرنس میں شرکت کا وعدہ بھی کیا۔ ڈاکٹر جینت دیو پجاری سے ملاقات کے دوران گزارش کی گئی کہ وہ طبیہ کالجوں میں نئے داخلہ کی منظوری جلد از جلد جاری کرانے کی مہربانی کریں تاکہ رواں سال 2022 کے داخلے میں مزید تاخیر نہ ہونے پائے ۔ واضح ہو کہ مہاراشٹر میں کل سات طبیہ کالج ہیں جس میں صرف دو طبیہ کالج پونہ اور مالیگائوں کو منظوری نامہ ملا ہے بقیہ سبھی انتظار میں ہیں اور تقریباً یہی صورت حال ملک کے دوسرے صوبوں کی بھی ہے ۔