30 جنوری تک آن لائن درخواستوں کے ادخال کی سہولت
حیدرآباد۔/17 جنوری ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی نے تعلیمی سال 2023-24 کیلئے اقامتی اسکولوں کی پانچویں جماعت اور جونیر کالجس میں فرسٹ ایئر میں داخلوں کیلئے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ آج سے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 30 جنوری تک درخواستیں سوسائٹی کی ویب سائیٹ www.tmreis.telangana.gov.in پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ سوسائٹی کے موبائیل ایپ سے بھی درخواستوں کے ادخال کی سہولت ہے۔ مسلم، کرسچن، پارسی، جین، سکھ اور بدھسٹ اقلیتی طبقات کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور او سی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھٹویں تا آٹھویں جماعت میں مخلوعہ نشستوں کو پُر کرنے کیلئے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اقلیتی امیدواروں کیلئے پانچویں تا آٹھویں جماعت میں داخلے جبکہ غیر اقلیتی طبقات کیلئے پانچویں جماعت میں داخلے پہلے آؤ پہلے پاؤ یا پھر لکی ڈرا کے ذریعہ دیئے جائیں گے۔ انٹر میڈیٹ میں داخلوں کیلئے ایس ایس سی 2023 کے جی پی اے میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیئے جائیں گے۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی نے اولیائے طلبہ اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس میں داخلے کیلئے 30 جنوری سے قبل آن لائن درخواستیں داخل کریں۔ مزید تفصیلات کیلئے ٹمریز کی ویب سائیٹ یا متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفیسر سے ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ سوسائٹی کے ہیلپ لائن نمبر 040-23437909 سے مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ر