دھنباد میں مسلم گروپس نے ڈی جے‘ رقص پٹاخوں کے شادیوں میں استعمال پر لگائی پابندی

,

   

مولانا غلام سرور قادری نے کہاکہ ’نکاح آسان کرو‘ عنوان پر ایک تحریک کی شروعات کی گئی ہے۔
رانچی۔ جھارکھنڈ کے دھنباد میں 50سے زائد مسلم تنظیموں نے شادی کی برات میں ڈی جے‘ پٹاخوں اور رقص پر سخت پابندی لگادی ہے‘ انتباہ دیا ہے کہ اگر کوئی خلاف ورزی کرتا ہے تو کوئی بھی قاضی نکاح نہیں پڑھائے گا۔تنظیم علمائے اہل سنت وسائے پور کی جانب سے بلائے گئے ایک مشترکہ اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ لیاگیا اور اس کو سارے شر میں نافذ کرنے کا اعلان کیاگیاہے۔

مولانا غلام سرور قادری نے کہاکہ ’نکاح آسان کرو‘ عنوان پر ایک تحریک کی شروعات کی گئی ہے او ردھنباد کے بعد ریاست بھر میں اس کو شروع کیاجائے گا۔

مسلم سماج کے تمام نمائندے جنھوں نے اجلاس میں شرکت کی نے اس بات پر رضا مندی کا اظہار کیاکہ شادیوں کے دوران اس ”غیر ضروری“ دیکھاوے کے سبب لوگوں کے معاشی حالات ابتر ہورہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ڈی جے اور پٹاخے اسلامی عقائد اور روایت کے خلاف ہیں اس سے بیجا اصراف میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسی وجہہ سے ایسی شادیوں کے بائیکاٹ کا اجتماعی فیصلہ لیاگیاہے۔

مفتی محمد رضوان احمد نے کہاکہ بچوں کی تعلیم اور ان کی بہتری پر پیسے خرچ کئے جائیں جس سے انہیں فائدہ ہوگا اور سماجی ترقی کے لئے ایک مضبوط قدم ثابت ہوگا۔

اسی طرح کا ایک فیصلہ ضلع کے توپ چانچی میں لیتاندا کے28پنچایت گاؤں نے لیاہے‘ جہاں پر جہیز پر امتناع پر ایک بحث ہوئی تھی۔