سرکاری ملازمین کی دوسری شادی پر پابندی58 سال پرانا قانون نافذ

   

آسام: آسام میں سرکاری ملازمین اب دوسری شادی نہیں کر پائیں گے۔ ہیمنت بسوا سرما حکومت نے ریاست میں سرکاری ملازمین کی شادی سے متعلق 58 سال پرانے ایک قانون کو فوری اثر سے نافذ کر دیا ہے۔ ساتھ ہی اسے نہ ماننے والوں کو قانونی کارروائی کی تنبیہ بھی دی گئی ہے۔ اس قانون کے مطابق کوئی بھی سرکاری ملازم اپنے شوہر یا بیوی کے زندہ رہتے دوسری شادی نہیں کر سکتا۔ اگر کوئی دوسری شادی کرنا چاہے تو پھر اس کیلئے حکومت سے اجازت لینی ہوگی۔آسام حکومت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ کوئی بھی ملازم اگر اس قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکم میں واضح لفظوں میں کہا گیا ہے کہ ’’کوئی بھی سرکاری ملازم جس کی بیوی زندہ ہے، وہ حکومت کی اجازت کے بغیر دوسری شادی نہیں کرے گا، بھلے ہی اسے نجی قانون کے تحت دوسری شادی کی اجازت ہو۔‘‘موصولہ اطلاع کے مطابق سرکاری نوٹیفکیشن پرسونل ایڈیشنل چیف سکریٹری نیرج ورما نے 20 اکتوبر کو ہی جاری کیا تھا لیکن جمعرات کو سامنے آیا۔