گلوبل سمٹ کے پیش نظر مختلف محکمے سرگرم ہوجائیں ،چیف منسٹر شیوراج کا زور
بھوپال : مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ جنوری میں اندور میں منعقد ہونے والے گلوبل انویسٹرس سمٹ اور غیر مقیم ہندوستانی کانفرنس میں مختلف ممالک سے اہم مندوبین کو مدعو کیا گیا ہے اور ریاست کے مختلف محکمے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے کوشش میں اضافہ کریں۔ چوہان کل ایک میٹنگ میں جنوری کے مہینے میں اندور میں ہونے والی گلوبل انوسٹرس سمٹ اورغیر مقیم ہندوستانی کانفرنس کیلئے اب تک کئے گئے انتظامات اور تیاریوں کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ چوہان نے سمٹ کے انعقاد کے سلسلے میں مختلف محکموں کے افسران کو ہدایات بھی دیں۔سرکاری اطلاع کے مطابق چوہان نے کہا کہ دونوں پروگراموں کا مقصد یہ ہے کہ ملک اور بیرون ملک کے اہم صنعتی ادارے مدھیہ پردیش میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ صنعتی پالیسی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے محکمہ کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ محکموں کو بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ضروری کوششیں کرنی چاہئے ۔ محکموں کے درمیان باہمی ہم آہنگی اس سمٹ اور کانفرنس کو کامیاب بنائے گی۔ خاص طور سے توانائی، سیاحت، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، رئیل اسٹیٹ وغیرہ کے شعبوں میں دستیاب امکانات کے مطابق سرمایہ کاری حاصل کرنا آسان ہوگا۔آئندہ8 سے 10 جنوری 2023 تک ہونے والے غیر مقیم ہندوستانی کانفرنس اور 11 اور 12 جنوری 2023 کو ہونے والے گلوبل انوسٹرس سمٹ کیلئے اس سال کے آغاز سے ہی ضروری تیاریاں شروع کر دی گئی تھیں۔میٹنگ میں چیف سکریٹری اقبال سنگھ بینس، ایڈیشنل چیف سکریٹری سمندر پار ہندوستانی محکمہ محمد سلیمان، صنعتی پالیسی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے محکمہ کے پرنسپل سکریٹری منیش سنگھ اور مدھیہ پردیش انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ایم پی آئی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر منیش سنگھ بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔وزیر اعلی چوہان نے کہا کہ مدعو نمائندوں کے احترام اور تمام انتظامات کا خیال رکھا جائے ۔
جو نمائندے شری مہاکال لوک اُجین جانا چاہتے ہو، انھیں بھی ضروری سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ اس چوٹی کانفرنس اور پرواسی بھارتیہ سمیلن میں مختلف ممالک کے سفیر، مرکزی وزراء، معروف صنعت کار آ رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ چوہان نے کہا کہ سمٹ اور غیر مقیم ہندوستانی کانفرنس کے لئے مختلف محکموں کی طرف سے ضروری تیاریاں کی جائے ۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری سنگھ نے ملک کے بڑے صنعتی ادارے کے ساتھ مختلف ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے نمائندے ریاست میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔