وزیرداخلہ محمود علی نے بہار سے تعلق رکھنے والے قائدین کا استقبال کیا
حیدرآباد 16 جنوری (سیاست نیوز) وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہاکہ ملک بھر میں بی آر ایس سیکولر پارٹی اور کے سی آر سیکولر قائد کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتے ہیں لہذا دیگر پارٹیوں سے قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ وزیرداخلہ کی موجودگی میں مختلف پارٹیوں کے قائدین اور کارکنوں نے آج بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اِس موقع پر وزیرداخلہ نے بہار سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین کا بی آر ایس میں استقبال کیا اور کہاکہ ملک بھر میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے آغاز کے لئے بی آر ایس قائم کی گئی ہے۔ وزیرداخلہ نے بہار کے قائدین سے بی آر ایس میں شمولیت کی وجہ دریافت کی جس پر اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس واحد پارٹی ہے جو تمام طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنارہی ہے۔ کے سی آر نے 8 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کو ملک بھر میں نمبر ون ریاست کا درجہ دلایا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ کے سی آر چاہتے ہیں کہ ملک میں ترقی اور فلاح و بہبود کا دور شروع ہو اور نفرت کا خاتمہ ہو۔ بی آر ایس صرف الیکشن کے وقت عوام کے درمیان نہیں آتی بلکہ ہمیشہ عوامی خدمت میں مشغول رہتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بہار اور دیگر ریاستوں سے بی آر ایس کی تائید میں عوامی ردعمل حوصلہ افزاء ہے۔ اُنھوں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں واپس ہوکر عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کریں۔ بہار سے تعلق رکھنے والے قائدین میں مذہبی شخصیتیں شامل ہیں۔ ر