پونچھ اور سدھرا جموں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن

   

جموں : جموں صوبے میں ہائی الرٹ کے بیچ سیکورٹی فورسز نے پونچھ بس اسٹینڈ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا۔دریں اثنا سدھرا جموں میں دوسرے روز بھی سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کی تلاشی لی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔اطلاعات کے مطابق سدھرا جموں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں چار ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے بعد صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز نے پونچھ بس اسٹینڈ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی۔ذرائع نے بتایا کہ رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ دکانوں کو بھی کھنگالا گیا تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع موسول نہیں ہوئی۔ذرائع کے مطابق کھوجی کتوں کی مدد سے بس اسٹینڈ کی بھی تلاشی لی گئی ۔دریں اثنا سدھرا جموں کے آس پاس علاقوں میں جمعرات کے روز فوج ، پولیس اور ایس اوجی نے تلاشی آپریشن لانچ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ سدھرا جموں کے جنگلی علاقوں کو بھی سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے رکھا ہے ۔