یوپی کانگریس واراناسی سے پرینکا گاندھی کو میدان میں اتارنے کی خواہش مند۔ اجئے رائے

,

   

حال ہی میں کانگریس کے ریاستی صدر کی ذمہ داری سنبھالنے والے رائے نے کہاکہ ”ہم چاہتے ہیں کہ وارناسی سے لوک سبھا انتخابات کے لئے پرینکاگاندھی مقابلہ کریں۔ اس کے لئے بہت جلد ہم پارٹی کی قیادت کو ایک تجویز روانہ کریں گے“۔


لکھنو۔ریاست کے نونامزد صدراجئے رائے نے کہاکہ اترپردیش کانگریس کمیٹی واراناسی سے پرینکا گاندھی کو میدان میں اتارنے کے لئے بے چین ہے اور بہت جلد اس خصوص میں پارٹی قیادت کو ایک تجویز روانہ کی جائے گی۔

رائے نے وارناسی سے تین لوک سبھا الیکشن میں شکست کھائی ہے‘ بطور کانگریس امیدوار 2014اور2019میں وزیراعظم نریند رمودی کے مقابلے اور بطور سماج وادی پارٹی امیدوار 2009میں بی جے پی کے قد آور لیڈر مرلی منوہر جوشی نے انہیں ہرایا تھا۔

پی ٹی ائی سے بات کرتے ہوئے حال ہی میں کانگریس کے ریاستی صدر کی ذمہ داری سنبھالنے والے رائے نے کہاکہ ”ہم چاہتے ہیں کہ وارناسی سے لوک سبھا انتخابات کے لئے پرینکاگاندھی مقابلہ کریں۔ اس کے لئے بہت جلد ہم پارٹی کی قیادت کو ایک تجویز روانہ کریں گے“۔

انہوں نے مزید کہاکہ ”یہاں پر کسی بھی سیٹ سے پرینکا گاندھی مقابلہ کرسکتے ہیں اور ان کی جیت کے لئے ہم جو ہوسکتا ہے وہ کریں گے‘ مگر ہماری خواہش ہے کہ وہ واراناسی سیٹ سے مقابلہ کریں“۔

وزیراعظم نریند رمودی کا واراناسی پارلیمانی حلقہ ہے۔دوسری مرتبہ مودی واراناسی سے 2019میں منتخب ہوئے تھے اور 2024میں بھی اسی سیٹ سے مقابلے کی قوی توقع ہے۔

پوچھنے پر پرینکا گاندھی کو مودی کے خلاف کھڑا کرکے کانگریس کیا پیغام دینا چاہتی ہے تو رائے نے کہاکہ ”واحد پیغام بھیجنے کی یہی کوشش ہے کہ ان (مودی) کے خلاف کوئی مضبوط ہے جو کھڑا ہوسکتا ہے“۔

سال1991سے واراناسی لوک سبھا حلقہ بی جے پی کو مضبوط قلعہ رہا ہے‘ کانگریس نے 2004میں یہاں سے جیت حاصل کی تھی۔ لوک سبھا انتخابات1991‘1996‘1998‘اور 1999کے علاوہ وسط مدتی انتخابات میں بھی یہاں سے بی جے پی نے جیت حاصل کی ہے۔

راجیش کمار مشرا نے کانگریس کے ٹکٹ پر2004میں جیت حاصل کی تھی مگر 2009میں دوبارہ بی جے پی نے اس حلقے پر دووبارہ قبضہ کرلیاتھا۔

اترپردیش کے پچھلے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے بہت ہی خراب مظاہرہ کیاتھا اور پارٹی محض دوسیٹوں تک محدود ہوکررہ گئی ہے۔