معمولی سڑک حادثہ پر جھگڑا قتل کی وجہ، گاؤں میں کشیدگی
ہاپوڑ(اتر پردیش ): ہاپوڑ کے ایک گاؤں میں ایک 25 سالہ مسلم نوجوان کو مشتعل ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقتول ارشاد محمد کی موٹر سائیکل منگل کی رات دیر گئے گاؤں لوہاری میں دسہرہ کی تقریبات میں شریک ایک شخص سے ٹکرا گئی تھی۔معمولی حادثہ پر جھگڑا ہوا جو جلد ہی پرتشدد ہو گیا اور لوگوں کے ایک گروپ نے ارشاد محمد کو مارنا شروع کر دیا۔ اس پر پتھر سے حملہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اسے مقامی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ جیسے ہی ارشاد کی موت کی خبر گاؤں میں پہنچی اس کے اہل خانہ اور مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔بہادر گڑھ پولیس موقع پر پہنچی اور بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ ہاپوڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک ورما نے کہا کہ ہم نے ارشاد کی پٹائی کرنے والے پانچ لوگوں کی شناخت کر لی ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بہادر گڑھ پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ اس واقعے کی وجہ سے مزید پریشانی سے بچا جا سکے، لوہاری گاؤں میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔اس واقعہ کے بعد نہ صرف گاؤ ں میں ماحول کشیدہ ہوگیا ہے بلکہ آس پاس کے علاقوں میں سنسنی دیکھی گئی۔یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں کسی نہ کسی بہانے سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کی ماب لنچنگ کی جارہی ہے ۔مختلف گوشوں سے اس کی مذمت کے باوجود ایسے واقعات کے تدارک کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔