KYCاپڈیٹ کے نام پر اداکارہ سمیت 40 افراد کیساتھ فراڈ

   

ممبئی : ممبئی میں KYC اپڈیٹ کے نام پر سائبر فراڈ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جہاں ملزمین نے تین دنوں میں 40 افراد کو جھانسہ دیا ہے۔ فلم اداکارہ شویتا سومیش میمن کا نام بھی اس فراڈ کا شکار ہونے والوں میں شامل ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں میڈیا پر ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کچھ نوجوان کے وائی سی اپ ڈیٹ کرنے کے نام پر دھوکہ دے رہے ہیں۔ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور اگر کوئی ایسا واقعہ سامنے آئے تو اس کی اطلاع پولیس کو دیں۔ دھوکہ دہی سے متاثرہ اداکارہ شویتا سومیش میمن کھار یونین پارک میں رہتی ہیں۔ شویتا نے کھار تھانے میں شکایت کی ہیکہ اس کے ایچ ڈی ایف سی بینک اکاؤنٹ سے 57,636 روپے کی دھوکہ دہی کی گئی۔ اداکارہ نے بتایا کہ 2 مارچ کی شام ان کے موبائل پر ایک ایس ایم ایس آیا۔اس پیغام میں لکھا گیا تھا کہ ڈیئر کسٹمر، آپ کا HDFC بینک اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا ہے، براہ کرم اپنا پین کارڈ اپ ڈیٹ کریں۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ یہ جانتے ہوئے کہ بینک سے پیغام بھیجا گیا ہے، انہوں نے دیئے گئے لنک پر کلک کیا اور نیٹ بینکنگ کا صفحہ ان کے سامنے کھل گیا۔ اس کے بعد ٹھگ نے گاہک کی شناخت، پاس ورڈ اور پین کارڈ کی تفصیلات پوچھیں۔ اداکارہ نے تمام معلومات بھرنے کے بعد نیکسٹ پر کلک کیا تو اس میں او ٹی پی پوچھا گیا تو انہوں نے او ٹی پی درج کر دیا۔ اس طرح اس کے اکاؤنٹ سے دو بار کل 57636 روپے کاٹ لیے گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ہر زاویے سے تحقیقات کررہی ہے۔ سائبر دھوکے بازوں کی تلاش جاری ہے۔