’’اسٹار شپ‘‘ راکٹ لانچنگ تقریب میں ٹرمپ ایک بار پھر مسک کیساتھ ؟

   

واشنگٹن: امریکہ کے منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ منگل کے روز ٹیکساس میں SpaceX (اسٹار شپ) راکٹ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ یہ بات ٹرمپ کے پروگرام سے مطلع ذرائع نے انگریزی ویب سائٹ “پولیٹیکو” کو بتائی۔ یاد رہے کہ ایلون مسک 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی مہم کیلئے سب سے بڑے عطیہ کنندہ ثابت ہوئے۔ انتخابات کے بعد سے وہ ٹرمپ کی شخصیت پر سب سے زیادہ اثر انداز شخص کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ دنیا کے دولت مند ترین شخص نے نہ صرف ٹرمپ کی عالمی قیادت کے ساتھ ٹیلی فون کالوں میں شرکت کی بلکہ ٹرمپ کے وزراء￿ کے چناؤ میں بھی مداخلت کی۔حال ہی میں ایلون مسک نے اعلانیہ مطالبہ کیا کہ ہاورڈ لوٹنک وزیر خزانہ کے منصب پر فائز ہوں۔ مسک نے سوشل میڈیا پر اپنے پلیٹ فارم کو سینیٹ میں اکثریت کی سربراہی کیلئے سینیٹر رک اسکوٹ کی حمایت کے واسطے استعمال کیا۔ایلون مسک نے گذشتہ ہفتے ٹرمپ کے ساتھ جہاز میں واشنگٹن کا سفر کیا تھا۔ وہ ہفتے کی اختتامی چھٹی کے موقع پر بھی کھیلوں کا مقابلہ دیکھنے کیلئے ٹرمپ کے ساتھ موجود تھے۔اسپیس ایکس آج منگل کے روز خلا میں روانہ ہو گا۔ یہ “اسٹار شپ” راکٹ کا چھٹا تجربہ ہے جس کے حوالے سے ایلون مسک کو امید ہے کہ یہ انسان کو آخر کار چاند اورzمریخ تک پہنچا دے گا۔ڈونالڈ ٹرمپ نے “اسپیس ایکس” اور “اسٹار لنک” کے حوالے سے پسندیدگی کا اظہار کیا۔ وہ اپنی انتخابی مہم کے آخری ہفتوں کے دوران میں اکثر ان دونوں کا ذکر کرتے تھے۔
انتخابات جیتنے کے بعد ٹرمپ نے “اسٹار لنک” کے ذریعے ایلون ماسک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “وہ (ایلون مسک) ایک شان دار شخصیت اور خاص آدمی ہیں۔ وہ انتہائی ذہین ہیں اور ہمیں اپنے غیر معمولی ذہین افراد کی حفاظت کرنا ہو گی، ہمارے پاس زیادہ لوگ نہیں ہیں، ہمیں ایسا کرنا ہو گا”۔