حیدرآباد ۔ 5 اگست (سیاست نیوز) اگر آپ کے گھر کے سامنے درخت کی شاخیں مسائل پیدا کررہی ہیں اور آپ ان شاخوں کو تراشنے یا کاٹنے کا منصوبہ بنارہے ہیں تو اپنے منصوبہ پر نظرثانی کرلیں کیونکہ ایسا کرنے پر آپ کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے جیسا کہ ایک شخص نے اپنے گھر کے سامنے موجود درخت کی شاخیں کاٹ دیں جس پر اسے 3 ہزار روپئے کا جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ سدی پیٹ میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان شخص کو اپنے ہی گھر کے سامنے درخت کی شاخیں کاٹنے پر 3 ہزار روپیوں کا جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ محکمہ باغبانی کے عہدیداروں نے ان دنوں تلنگانہ کو ہریتاہرم (ٹی کے ایچ ایچ) پروگرام کے تحت ان افراد کے خلاف سخت اقدامات کررہے ہیں جوکہ درختوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ مذکورہ بالا واقعہ کی تفصیلات میڈیا نمائندوں کو بتاتے ہوئے محکمہ باغبانی کے عہدیدار سامالا ایلیہ نے کہا کہ جس شخص پر 3 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اس کی شناخت کاتھی روی کے طور پر کرلی گئی ہے جو کہ لب سڑک اپنے مکان کے سامنے موجود درخت کی شاخیں کاٹ رہا تھا۔ محکمہ کو اس کی اطلاع عہدیداروں نے دی کیونکہ انہوں نے دیکھا کہ روی بغیر اجازت درخت کی شاخیں کاٹ رہا تھا۔ روی پر جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ مستقبل میں اس غلطی کو دہرانے پر سخت کارروائی کا بھی انتباہ دیا گیا ہے۔ واضح رہیکہ 2015ء میں ہریتاہرم پروگرام کے تحت یہ درخت لگایا گیا تھا۔