ریاست کی معاشی صورتحال پر بات چیت، آمدنی میں اضافہ اور ضمانتوں پر عمل آوری
کا جائزہ
حیدرآباد۔/17 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر رگھو رام راجن نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ رگھو رام راجن جو مرکزی حکومت کے چیف فینانشیل اڈوائزر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، چیف منسٹر کو اپنے تجربات سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اور رگھو رام راجن نے تلنگانہ کی معاشی صورتحال اور حکومت کے وعدوں پر عمل آوری کیلئے آمدنی میں اضافہ اور معیشت کو مستحکم کرنے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق گورنر نے تلنگانہ کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو، چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل فینانس سکریٹری رام کرشنا راؤ اور چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری شیشادری موجود تھے۔ چیف منسٹر نے رگھو رام راجن کو تہنیت پیش کی اور یادگاری مومنٹو حوالے کیا۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی حکومت نے 6ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے معاشی صورتحال پر توجہ مرکوز کی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ضمانتوں پر عمل کرنا حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ گذشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس حکومت نے بھاری قرض حاصل کرتے ہوئے آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کی تھی۔ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالتے ہی ریونت ریڈی نے عوام کو حقیقی معاشی صورتحال سے واقف کرانے کیلئے وائیٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کی معیشت پر اسمبلی میں رپورٹ پیش کی جاسکتی ہے۔ اسمبلی کا اجلاس 20 اور 21 ڈسمبر کو طلب کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ دو دن کے اجلاس میں حکومت مختلف شعبہ جات کی حالت پر ایوان میں مباحث کا منصوبہ رکھتی ہے اور پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا جائے گا۔ اسی دوران گدوال کی مشہور عالم پور مندر کے پجاریوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں آشیرواد دیا۔ چیف منسٹر سے مندر کی ترقی کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی گئی۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار موجود تھے۔