سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں6 دہشت گرد ہلاک

   

قلات (پاکستان): سیکورٹی فورسز نے پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں شاہ مردان کے قریب ہفتہ کی صبح ایک سیکورٹی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔یہ اطلاع انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے حکام نے اتوار کو دی۔ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ جمعہ کو ضلع قلات کے علاقے جوہان میں ایک پہاڑی چوٹی کی چیک پوسٹ پر صبح سویرے دہشت گردوں کے حملے میں سات سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہو گئے ۔ڈان اخبار کے مطابق فوجیوں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے ۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شاہ مردان میں فرنٹیئر کور کی چوکی پر حملے کے لیے عسکریت پسندوں نے راکٹ، دستی بم اور خودکار بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔قلات ڈویژن کے کمشنر نعیم بازئی نے ڈان کو بتایا کہ “چیک پوسٹ پر تعینات سات فوجیوں نے اپنی جانیں گنوائیں جب کہ 18 دیگر زخمی ہوئے ۔” انہوں نے بتایا کہ زخمیوں اور لاشوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔گزشتہ ہفتے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش بم دھماکے میں 26 افراد ہلاک اور 60 کے قریب زخمی ہوئے تھے ۔کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے ) نے چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔