بیجنگ : چین میں جھگڑے کے بعد شوہر کو پریشان کرنے کے لیے بیوی نے بچوں کی جان خطرہ میں ڈال دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون نے شوہر کے ساتھ جھگڑے کے دوران اپنے 2 چھوٹے بچوں کو اپنے 23 ویں منزل کے اپارٹمنٹ کے باہر لگے اے سی یونٹ پر بٹھا دیا۔ چینی میڈیا کے مطابق 10 اکتوبر کو بچوں کے رونے کی آواز سن کر وہاں موجود لوگوں نے اس واقعہ کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔ سوشل میڈیا پر خاتون کی اس حرکت کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ میڈیا کے مطابق خاتون اس دوران باپ کو بچوں کے قریب نہیں آنے دے رہی تھی اور اس نے ایسا شوہر کو پریشان کرنے کیلئے کیا، اطراف میں رہنے والے افراد نے پولیس کو اس حوالے سے اطلاع دی۔ بعد ازاں فائر فائٹرز کی گاڑی موقع پر پہنچی جس نے بچوں کو بچایا جبکہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق پولیس بھی اس سارے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس معاملہ میں ماں کو سزا ملنے کا امکان ہے۔