مسک کی کمپنی ’اسپیس ایکس‘کا راکٹ اسٹار شپ خلا میں روانہ

   

واشنگٹن: دنیا کے دولت مند ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی ‘اسپیس ایکس’ کا طاقت ور ترین راکٹ “اسٹار شپ‘‘ منگل کے روز ٹیکساس سے خلا میں روانہ ہو گیا۔ اس موقع پر کمپنی کے سربراہ ایلون مسک کے ہمراہ نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی موجود تھے ۔اس سے قبل اسٹار شپ کی پانچ آزمائشی پروازیں ہو چکی ہیں۔ پانچویں پرواز کے دوران میں راکٹ تکنیکی خرابی کے سبب حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔کل منگل کے روز ٹیکساس میں تجرباتی پرواز شروع ہونے کے صرف چار منٹ بعد ہی بوسٹر سے جڑنے کی کوشش منسوخ کر دی گئی جس کے تین منٹ بعد بوسٹر سمندر میں گر گیا۔اسپیس ایکس کمپنی کے ترجمان ڈان ہوٹ کے مطابق بوسٹر سے جڑنے کے سلسلے میں تمام مطلوبہ تقاضے پورے نہیں ہوئے اس وجہ سے فلائٹ کنٹرولر ، بوسٹر کو لانچنگ کے مقام پر واپس نہیں لا سکا۔اس سے پہلے ڈونالڈ ٹرمپ اپنی خصوصی سرخ کیپ سر پر سجائے لانچنگ کے اڈے پر پہنچے تھے جہاں ایلون مسک نے ان کا استقبال کیا۔ مسک نے ٹرمپ کی آمد کو اپنے لیے اعزازقرار دیا۔اسپیکس ایکس کمپنی کا مقصد دنیا کے اس سب سے بڑے اور سب سے طاقتور راکٹ کو مریخ کا سیارہ آباد کرنے کیلئے استعمال کرنا ہے۔ ایلون مسک نے ری پبلکن پارٹی کی انتخابی مہم کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کر دیے اور اس کے مقابل مشیر کا منصب حاصل کر لیا۔ اس حوالے سے مسک نے مفادات کے ٹکراؤ کا امکان بھی نظر انداز کر دیا۔ اس کو مسک کی کمپنی کی بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے ۔