ناتجربہ کاروں کو اجازت نہ دیں، معروف کوہ پیما کا مطالبہ

   

لندن: دنیا کی چودہ بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والی سب سے کم عمر برطانوی کوہ پیما کا کہنا ہے کہ ناتجربہ کار کلائمبرز اپنی اور دیگر ساتھیوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں، انہیں بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 23 سالہ برطانوی کوہ پیما ایڈریانا براونلی نے سال 2021 میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی جب ان کی عمر 20 سال تھی۔جبکہ رواں ماہ انہوں نے چین کی شیشا پانگما چوٹی کو سر کر کے 8,000 سے زائد بلندی والی 14 چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہیایڈریانا براونلی نے کہا کہ وہ ایسے متعدد کوہ پیما دیکھ چکی ہیں جو بنیادی مہارت اور اونچی چوٹیوں کی غیر متوقع ڈھلوانوں کا مقابلہ کرنے کی تربیت نہیں رکھتے۔’میں نے پہاڑوں پر ایسے کئی لوگ دیکھے جنہیں وہاں نہیں ہونا چاہیے تھا، جنہیں پہلے ٹریننگ لینی چاہیے تھی۔‘ایڈریانا براونلی نے بتایا کہ ناتجربہ کار کلائمبرز کی بہت ہی معمولی چیزوں جیسے حفاظتی سامان کے استعمال میں بھی مدد کرنا پڑتی تھی۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کے خواہشمند افراد کو کم از کم چھوٹی چوٹیاں سر کرنے کا تجربہ ہونا چاہیے اور یہ کہ اونچائی پر کم درجہ حرارت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی ٹریننگ رکھتے ہوں۔