آسیان۔انڈیا چوٹی کانفرنس میں شرکت‘عالمی قائدین سے ہوگی ملاقات
وینٹیانے (لاؤس): وزیر اعظم نریندر مودی لاؤس کے دو روزہ دورے پر جمعرات کو وینٹیانے پہنچے ۔ وزیر اعظم مودی لاؤس کے وزیر اعظم سونیکسا شیفنڈن کی دعوت پر لاؤس کے دورے پر ہیں جہاں وہ 21ویں آسیان۔انڈیا چوٹی کانفرنس اور 19ویں مشرقی ایشیائی چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔لاؤس پہنچنے پر مودی کا شاندار خیر مقدم کیا گیا۔ وہاں پہنچنے کے بعد مودی نے ایکس پر لکھا کہ میں لاؤس پہنچ گیا ہوں اور یہاں مختلف عالمی رہنماؤں سے بات کرنے کا منتظر ہوں۔ مودی حکومت کی ایکٹ ایسٹ پالیسی (مشرق کے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پالیسی) کو دس سال مکمل ہو گئے ہیں۔وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) سے متعلق انتظامات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ وزارت نے کہا ہے کہ لاؤس میں ہونے والی میٹنگوں میں آسیان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ مودی نے لوانگ پربانگ کے مشہورر رائل تھیٹر کے ذریعہ پیش کردہ لاؤس کی رامائن کی ڈرامائی شکل فرا لک فرا رام ‘ کا ایک ایپی سوڈ دیکھا۔ لاؤس میں صدیوں سے ہندوستانی ثقافت اور روایت کے بہت سے پہلوؤں کو رائج اور محفوظ کیا جاتا رہا ہے ۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا لاؤس میں وٹ فو مندر اور متعلقہ یادگاروں کی بحالی میں مصروف ہے ۔