اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو بنگال میں سی اے اے نافذ کیاجائے گا۔ شاہ

,

   

کلکتہ۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز کہاکہ اگر بی جے پی بنگال میں اقتدار میں آتی ہے تو شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) کا نفاذ عمل میں لائی گئی اور جو پناہ گزین 70سالوں سے ریاست میں رہ رہے ہیں انہیں شہریت فراہم کی جائے گی۔

اتوار کے روز شاہ نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لئے اپنی پارٹی کے منشور کی رسم اجرائی بھی انجام دی ہے۔ شاہ نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ”ہم نے فیصلہ کیاہے اپنے منشور کو سنکلپ پتر کہیں گے۔

یہ ایک منشور ہی نہیں بلکہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کا مغربی بنگال کے لئے ایک قرارداد ہے۔ہم سونار بنگال بنائیں گے“۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ”پہلی کابینہ میٹنگ میں شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) نافذ کیاجائے گا اور 70سالوں سے ریاست میں رہ رہے پناہ گزینوں کو شہریت دی جائے گی۔

ہر پناہ گزین فیملی کو فی سال 10,000روپئے کے حساب سے پانچ سالو ں کی رقم ادا کی جائے گی“۔ مذکورہ ہوم منسٹر نے مزیدکہاکہ سرحد کو غیر قانونی گھس پیٹ سے روکنے کے لئے مضبوط کیاجائے گا۔

شاہ نے کہاکہ”ہم نے فیصلہ کیاہے کہ بنگال میں کوئی گھس پیٹ نہیں ہوگی اور سرحدوں کی حصار بندی کو مضبوط کیاجائے گا“۔

شاہ کا یہ بیان کافی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے کیونکہ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ ریاست میں سی اے اے‘ این آر سی کے نفاد کو منظوری نہیں دیں گے۔

بی جے پی کے مغربی بنگال صدر دلیپ گھوش‘ پارٹی کے جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیا‘ مرکزی وزیر دباسری چودھری اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ این پرمانک بھی کلکتہ کے سالٹ بندی کے ایسٹرن زونل کلچرل سنٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں شہہ نشین پر موجود تھے۔

مغربی بنگال میں 27مارچ سے شروع ہونے والے اسمبلی انتخابات 8مراحل میں کرائے جائے گی جبکہ آخری مرحلے کی رائے دہی29اپریل کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 29مئی کو مقرر ہے۔