گجرات انتخابات۔ عام آدمی پارٹی کے ”اغوا“ امیدوار دوبارہ سامنے ائے‘ اور اپنی امیدواری واپس لے لی

,

   

ان الزامات کے بیچ بھاری پولیس حفاظت میں کنچن بھائی جریوال آج صبح ریٹرنگ افیسر آر بی بھاوگیاتا کے روبرو پیش ہوئے تھے۔
دہلی۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) قائدین کی جانب سے بی جے پی پر ان کے سورت ایسٹ امیدوار کنچن بھائی زری وال کے اغوا کے الزامات لگانے کے کچھ گھنٹوں بعد چہارشنبہ کے روز وہ دوبارہ ریٹرنگ افیسر کے روبرو پیش ہوئے اور اپنی امیدوار ی سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

صبح سے ہی اے اے پی کے سینئر قائدین جیسے راگھاؤ چڈھا‘ سنجے سنگھ نے بی جے پی پر اگلے ماہ منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے کنچن بھائی کے اغوا کے الزامات لگائے۔

ان الزامات کے بیچ بھاری پولیس حفاظت میں کنچن بھائی جریوال آج صبح ریٹرنگ افیسر آر بی بھاوگیاتا کے روبرو پیش ہوئے تھے۔ریٹرنگ افیسر نے میڈیا سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایسٹ سورت سے کنچن بھائی نے اپنی امیدوار واپس لے لی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساگر بیگمار نے اغوا کی کوئی بھی شکایت وصول ہونے سے انکار کیاہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ امیدوار نے رضاکارانہ طور پر امیدواری سے دستبرداری اختیار کی ہے۔

آج صبح دہلی ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے میڈیاکوبتایاکہ”اس اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو بھاری پیمانے پر شکست ہورہی ہے اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔

اس نے کچن بھائی جریوالی کواغوا کرلیاہے“۔ سیسوڈیا نے کہاکہ منگل کے روز آخری مرتبہ انہیں آر او دفتر پر دیکھا گیاتھا۔ وہ (بی جے پی) کوشش کررہے ہیں کہ ان کی نامزدگی کو مسترد کرادیں۔ بعدازاں ان پر امیدواری سے دستبرداری کے لئے دباؤ ڈالاگیاہے۔

اس سے الیکشن کمیشن پر سوال اٹھائے جارہے ہیں“۔ انہوں نے کہاکہ ”کنچن بھائی او ران کے گھر والے کل سے لاپتہ ہیں۔

وہ دفتر کو اپنے پرچہ نامزدگی کی جانچ کے لئے گئے ہوئے تھے۔ جیسے ہی وہ جانچ کے بعد واپس باہر ائے‘ بی جے پی کے غنڈے انہیں وہاں سے اٹھاکر لے گئے۔ اس کے بعد سے وہ کہاں پر ہیں اس بات کا علم نہیں ہے“۔

اس کو جمہوریت کے لئے ”خطرناک“ قراردیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کے لئے پہچانا جاتا ہے۔

اگر امیدوار اغوا ہوتے ہیں تو کیسے شفاف انتخابات ہوسکتے ہیں“۔

انہوں نے کہاکہ ”اے اے پی امیدوار اغوا نہیں ہوا ہے بلکہ جمہوریت کو یرغمال بنالیاگیاہے“۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ ”ابھی میں مرکزی الیکشن کمیشن کے پاس جارہاہوں۔ گجرات میں‘ بی جے پی نے اے اے پی امیدوار کو اپنے غنڈوں کے ذریعہ اغوا کرلیاہے اور وہ پولیس کو بنیاد بناکر وہ امیدواری واپس کرانے چاہا رہے ہیں۔ایسے حالات میں پھر الیکشن ہونے کا کیا نکتہ ہے؟“۔