یوپی کے پولیس اسٹیشن میں عورت کے ساتھ بدسلوکی’زیادہ پڑھی لکھی ہوگئی‘۔

,

   

کانپور۔انسپکٹر جنرل کانپور رینج نے ایک عورت کے ساتھ پولیس جوانوں کی بدسلوکی کے معاملے کی جانچ کے احکامات جاری کئے ہیں کیونکہ رائے پوروا پولیس اسٹیشن میں جب مذکورہ عورت چھیڑ چھاڑ کی شکایت درج کرانے کے لئے اپنے والد کے ساتھ گئی تب یہ واقعہ پیش آیاتھا۔

کانپور پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل پر مذکورہ عورت نے اپنے شکایت پوسٹ کی تھی۔ شکایت کردہ21سالہ عورت نے الزام عائد کیاکہ اس کی شکایت سننے کے بجائے رائے پوروا کے پولیس جوانوں نے اس سے استفسار کیاکہ”زیادہ پڑھ گئی ہو‘ اتنا اڈوانس کس نے بنادیا ہے‘ تمہارے پاپا نے؟“۔

عورت نے کہاکہ اس کی شکایت پر ضروری کاروائی کرنے کے بجائے مذکورہ پولیس فورس نے اس کے والد پر ملزم سے مفاہمت کے لئے دباؤ پر زوردیا‘ ملزم لینڈ لارڈ کا بیٹا ہے جس نے پیر کے روز ہراساں کیاہے۔

مذکورہ عورت نے یہ بھی کہاکہ وہاں پر کوئی خاتون پولیس بھی موجود نہیں ہے اور کئی گھنٹوں تک اس نے انتظار کیاہے۔انہوں نے ٹوئٹ کیاکہ”جتنے دیر میں پولیس اسٹیشن میں رہی مجھ سے صرف مرد پولیس جوانوں نے بات کی ہے“۔تاہم انسپکٹر رائے پوروا سنیل کمار نے ان الزامات سے انکار کیا۔

انہوں نے کہاکہ ”ان کے الزامات درست نہیں ہیں۔ دونوں فریقین نے اپنی مرضی سے معاملے کو حل کرلیاہے“۔ائی جی موہت اگروال نے درایں اثناء کہاکہ”میں نے ایس ایس پی سے کہا ہے کہ اس معاملہ میں جانچ کریں اور خاطی جوانوں کے خلاف کاروائی کریں“۔