تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی مخالفت کریگی کانگریس۔ سونیا گاندھی

,

   

انہوں نے کہاکہ تاریخی حقائق کو تو ڑ مروڑ کر پیش کیاجارہا ہے اور بھارت نے گذشتہ 75سالوں میں بہت کچھ حاصل کیا او رجمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔
نئی دہلی۔بی جے پی کی جانب سے ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کو تقسیم کاذمہ دار ٹہرانے کے دوران کانگریس کی عبوری صدر سونیاگاندھی نے کہاہے کہ مذکورہ پارٹی سیاسی مفادات کے لئے تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی مخالفت کریگی۔

ایک بیان میں پیر کے روز انہوں نے کہاکہ ”سیاسی مفادات کے لئے دئے جانے والے غلط بیانات او ر گاندھی‘ نہرو‘ پٹیل‘ آزاد جیسے عظیم قومی قائدین پر جھوٹی حقائق کی بنیاد پر سوال اٹھانے کی کوششوں کی کانگریس مخالفت کریگی“۔

انہوں نے کہاکہ تاریخی حقائق کو تو ڑ مروڑ کر پیش کیاجارہا ہے اور بھارت نے گذشتہ 75سالوں میں بہت کچھ حاصل کیا او رجمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ موجودہ خود غرض حکومت آزاد پسندوں کی عظیم قربانیوں اور ملک کے شاندار کارناموں کو غیرمعمولی ثابت کرنے کے لئے بضد ہے جس کو قبول نہیں کیاجاسکتا ہے۔

سونیا نے کہاکہ ملک نے ایک عالمی اہمیت حاصل کی ہے اور اس نے سائنس‘ تعلیم‘ صحت‘ انفارمیشن‘ ٹکنالوجی اور دیگر شعبوں میں باصلاحیت ہندوستانیوں کی محنت کے ذریعہ اپنی شناخت بنائی ہے جن ملک کی ترقی میں حصہ شامل ہے۔

تقسیم ہند کے ہولناک دن کی یاد کے موقع پر بی جے پی نے اتوار کے روز کانگریس او رکمیونسٹوں پر مسلم لیگ کے علیحدہ ملک کی مانگ کو قبول کرنے کا ذمہ دار ٹہرایاتھا۔

اتوار کے روز 7منٹ سے زائد کے جاری کردہ ایک ویڈیو بھگوا پارٹی نے جواہر لال نہرو او رکانگریس کے قائدین کو مخالفت کرنے کے بجائے مسلم لیگ کے سربراہ محمد علی جناح کے آگے گھٹنے ٹیکنے کا راست ذمہ دار ٹہرایا۔

تقسیم ہند کی کہانی بیان کرنے کے دوران مذکورہ ویڈیو میں سلسلہ وار طریقے سے نہرو او رجناح کو دیکھایاگیاہے۔

اس میں سائرل جان ریڈکلیف کو بھی دیکھایاگیاہے‘ جس نے ہندوستان کو دو حصوں میں تقسیم کرنے والا نقشہ تیار کیاتھا‘ یہ پوچھا گیاکہ جن لوگوں کو ہندوستان کی تہذیب‘ ثقافت‘ تہذیب سے واقفیت نہیں ہے وہ صدیوں سے ساتھ رہنے والوں کے درمیان محض تین ہفتوں میں لکیر کیسے کھینچ سکتے ہیں۔