اگلے ماہ سے بی جے پی پورے ملک میں مسلمانوں تک رسائی پروگرام شروع کریگی

,

   

وزیراعظم نریندر مودی نے اقلیتی کمیونٹی بالخصو ص پسماندہ مسلمانوں تک رسائی کے لئے کہا ہے
نئی دہلی۔بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) اقلیتی مورچہ 10مارچ سے ملک بھر میں مسلمانوں تک رسائی پروگرام کی شروعات کررہی ہے۔ اس پروگرام کے حصہ کے طور پر پہلے مرحلے میں 14ریاستوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں 64اضلاع ہیں۔

ان ریاستوں میں جموں کشمیر‘ دہلی‘ گوا‘ ہریانہ‘ مغربی بنگال‘ اترپردیش‘ تاملناڈو‘ تلنگانہ‘ مدھیہ پردیش‘ لداخ‘ مہارشٹرا‘ کیرالا اوربہار شامل ہیں۔ پچھلے ماہ منعقد ہوئی پارٹی کی قومی عاملہ میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی نے اقلیتی کمیونٹی بالخصو ص پسماندہ مسلمانوں تک رسائی کے لئے کہا ہے۔ اس پروگرام کے لئے بی جے پی نے پہلے ہی ایک قومی ٹیم اورایک قومی انچارج بنایاہے۔

اب ریاستی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ مسلمانوں کمیونٹی تک رسائی کے لئے وزیراعظم نے جو مشورہ دیاہے اس پر یہ ٹیمیں کام کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے ان مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں پر مسلم آبادی غیرمعمولی طورپر زیادہ ہے۔

پارٹی نے ایسے 60لوک سبھا حلقہ کی نشاندہی کی جہاں پر مسلمانوں کی آبادی 30فیصد سے زیادہ ہے۔بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر لوک سبھا حلقہ میں کم ازکم 5000لوگوں کی شناخت کی جائے گی۔

یہ لوگ بی جے پی سے وابستہ نہیں ہیں مگر مودی حکومت کی ویلفیر پالیسیوں سے وہ متاثر ہیں۔ مثال کے طورپر یہ لوگ وہ ہیں جوڈاکٹرس‘ انجینئر‘ سوشیل ورکرس‘ صحافی اور کاروباری بنے ہیں۔د وسرے الفاظ میں یہ لوگ سماج میں کافی اہمیت کے حامل ہیں اور اثر انداز ہونے والے ہیں۔

ایسے لوگوں کو شناخت کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو لوگوں سے رابطہ کریں۔ ذرائع نے مزیدکہاکہ بی جے پی مسلم مورچا ایسے لوگ تک پہنچے گی جو دوکاندار‘ مزدور‘ ڈاکٹریاانجینئر ہوسکتے ہیں جو سیاست سے وابستہ ہیں لیکن بااثر کردار کرتے ہیں۔

کمیونٹی اور سماج کی بہتری کے لئے کام کرسکتے ہیں۔مسلم کمیونٹی میں ایسی لوگوں کی پارٹی شناخت کررہی ہے جو حکومت کے پیغام کو سماج تک پہنچانے میں بہترین اثر رکھتے ہیں۔

بی جے پی کی قومی عاملہ میں پچھلے ماہ وزیراعظم نریندر مودی نے پارٹی قائدین سے کہاتھا کہ وہ اقلیتوں بشمول مسلمانوں تک ووٹوں کی توقع کے بغیر رسائی کریں۔ وزیراعظم مودی نے 2024لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کو ان علاقوں میں مستحکم ہونا ہے اس کے متعلق بات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ”وزیراعظم نے بی جے پی کارکنان سے کہا ہے کہ پسماندہ مسلمانوں‘ بوہیرہ کمیونٹی اور مسلمان پیشہ واروں اور تعلیمی یافتہ مسلمانوں سے بدلے میں ووٹ کی توقع کے بغیر ملاقات کریں“۔

ذرائع نے مزید کہاکہ وزیر اعظم مودی نے بی جے پی لیڈروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ کسی بھی کمیونٹی کے خلاف غیرمنقولہ تبصروں سے گریزکریں۔